افغانستان نے ڈیورنڈ لائن پر نصب خاردار باڑ اکھاڑ دی

نیوزڈیسک | افغانستان

افغان سکیورٹی فورسز نے بارڈر پر پاکستان کی جانب سے لگائی جانے والی باڑ اُکھاڑ دی۔ افغان سکیورٹی حکام نے کہا کہ ہمیں حکم ہے کہ پاکستان کو سرحد پر باڑ نہ لگانے دی جائے. پاکستان کو سرحد پر باڑ لگانے سے منع کیا تھا لیکن پاکستان نے انکار کرتے ہوئے باڑ لگائی. پاکستان کے انکار پر خود ہی باڑ اُکھاڑ دی ہے.

رپورٹس کے مطابق پاک افغان سرحد پرافغان صوبہ قندہار کے اضلاع سپین بولدک اور شورابک کے درمیان واقع ساڑوشاہانو علاقے میں افغان سیکیورٹی فورسز نے مبینہ طورپرڈیورنڈ لائن پر پاک فوج کے نصب کردہ خاردار تار اور لوہے پائپوں پر مشتمل مضبوط آہنی باڑ کے کچھ حصے کو توڑ ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ قندہار کے صوبائی پولیس سربراہ عبدالرزاق کے حکم پر افغان سیکیورٹی فورسز نے کاروائی کرتے ہوئے خاردارتار کے آہنی باڑ کے کچھ حصے کو توڑ کر ہٹالیا دوسری جانب پاک فوج کے جوانوں نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کرنے پر زوردیا۔

پاک فوج نے دہشت گردوں کی پاکستان میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے گزشتہ سال تقریباً 2600 کلومیٹر طویل پاک افغان سرحد (ڈیورنڈ لائن) پر خاردارتار اور لوہے کے پائپوں پر مشتمل ڈبل سائیڈپر متوازی آہنی باڑ لگانے کا کام شروع کیا۔ پاک افغان سرحد پر اس طویل باڑ کی تنصیب پر 56 بلین روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے جو آئندہ سال دسمبر 2019ء میں مکمل ہوجائے گا۔

رواں برس مئی میں وزیرستان میں پاک افغان سرحد پر ایک سو اٹھائیس کلومیٹر باڑ کی تنصیب کا کام مکمل کیا گیا تھا. جس سے دہشت گردی اور دراندازی کی شرح میں نمایاں کمی آئی. شمالی وزیرستان میں 80 کلومیٹر سرحد باڑ لگا کر، جب کہ جنوبی وزیرستان میں 48 کلومیٹر سرحد باڑ لگا کر محفوظ بنائی گئی۔ یہ اقدام افغانستان سے ملحقہ سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا، تاکہ سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کو روکا جا سکے. پاک افغان سرحد پر نظر رکھنے کے لیے تکنیکی نگرانی کا نظام بھی وضع کیا گیا، جس کے تحت رات کو دیکھنے والے آلات ،اور ریڈار سسٹم اور دور بینوں کے ذریعے سرحد کی نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا. حکام کے مطابق افغانستان سے متصل سرحد پر اب تک 209 کلومیٹر باڑ لگائی گئی ، جب کہ اس سال کے آخر تک پانچ سو کلومیٹر سرحد کو محفوظ بنایا جائے گا.

میڈیا رپورٹس کے مطابق دسمبر 2019ء میں830 کلومیٹر باڑ لگا کر منصوبہ مکمل کیا جائے گا، جس پر بارہ ارب روپے کی لاگت آئے گی. لیکن افغانستان نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سرحد پر لگائے جانے والی باڑ کو اُکھاڑ دیا اور موقف دیا کہ پاکستان کو باڑ لگانے سے منع کیا گیا تھا ، ہمیں حکم ہے کہ پاکستان کو باڑ نہ لگانے.