اسحاق ڈار کے اثاثے فروخت کرنے کی درخواست دائر

نیوزڈیسک | اسلام آباد

سابق وزیر خزانہ، اسحاق ڈار، کے اثاثوں کی فروخت کرنے کے لیئے قومی احتساب بیورو ’نیب‘ نے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی. عدالت نے کل بروز جمعہ درخواست کی سماعت کی تاریخ مقرر کردی۔ سماعت جج محمد بشیر صاحب کریں گے۔

نیب نے احتساب عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 6 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا اسحاق ڈار مفرور ہیں، اسحاق ڈار کی جائیداد پہلے ہی قرق کی جاچکی ہے۔ لہذا اسحاق ڈار کی پاکستان میں تمام جائیدادوں کو فروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔

سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرتے ہوئے انٹرپول کو بھی درخواست دی جا چکی ہے۔ اور امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں اسحاق ڈار کو وطن واپس لایا جائے گا۔