وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر پر بھارتی افواج کی فائرنگ

نیوزڈیسک | مظفرآباد

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا ہیلی کاپٹر بھارتی فوج کی فائرنگ سے بال بال بچ گیا ،ہیلی کاپٹر لائن آف کنٹرول کے قریب پر واز کر رہا تھا جس کی بھارت کو پہلے سے اطلاع دی گئی تھی۔

ااطلاعات کے مطابق وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر چوہدری عزیز کے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے فارورڈ کہوٹہ جارہے تھے۔ لائن آف کنٹرول کے قریب قائم بھارتی پوسٹ سے راجہ فاروق حیدر کے ہیلی کاپٹر پر فائرنگ کی گئی تاہم بھارتی حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا اور وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر کو حویلی میں بحفاظت اتار لیا گیا۔

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدہ ماحول میں لائن آف کنٹرول کےقریب پرواز کی اطلاع دونوں جانب سے افواج کو پیشگی دی جاتی ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کے سفید رنگ کے ہیلی کاپٹر کی آمد کی اطلاع بھی پیشگی دی گئی تھی تاہم بھارتی فوج نے اسے پاکستان کا فوجی ہیلی کاپٹر قراردے کر اس پر فائرنگ کر دی بھارت کا یہ عمل دونوں ملکوں کے درمیان طے شدہ ایس او پیز کی بھی خلاف ورزی ہے۔