بھارتی آرمی چیف کا بیان او ر پاکستانی قوم کا سخت جواب

نیوزڈیسک|اسلام آباد

بھارتی آرمی چیف بپن روات نے گزشتہ روز پاکستان آرمی کے خلاف بیان بازی کرتے ہوئے کہا کہ، انھیں ان کی ہی زبان میں جواب دینا چاہیے، ان کی طرح بربریت نہیں لیکن میرے خیال میں انھیں بھی وہی تکلیف محسوس ہونا چاہیے۔ بھارتی آرمی چیف روات نے اپنے دھمکی آمیز بیان میں یہ بھی کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسی بڑی واضح ہے کہ دہشتگردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے.

بھارتی فوج کی جانب سے یہ بیان وزیرِاعظم عمران خان صاحب کے بیان کے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے مذاکرات سے انکار کرنے اور پاکستانی حکومت پر سنگین الزامات عائد کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مایوسی کا اظہار کیا تھا. انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے پیغام دیا تھا کہ،

مذکرات کی بحالی کی میری دعوت کے جواب میں بھارت کا منفی اور متکبر رویہ باعث افسوس ہے۔ اپنی پوری زندگی میں نے ادنیٰ لوگوں کو بڑے بڑے عہدوں پر قابض ہوتے دیکھا ہے۔ یہ لوگ بصارت سے عاری اور دوراندیشی سے یکسر محروم ہوتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان صاحب کے اس بیان کے بعد بھارتی میڈیا اور حکومت سیخ پا ہوگئی اور پورا بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف خبریں چلانے میں مگن رہا.


پاک فوج کا ٹھوس جواب

بھارتی فوج کے کھوکھلے بیان پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے انڈین فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے بیان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ’یہ ایک غیر ذمہ دارانہ بیان ہے۔ ہم جنگ کے لیے تیار ہیں لیکن ہم نے امن کا راستہ اختیار کیا ہے اور یہ بات انڈیا اور ان کے آرمی چیف کو سمجھنا چاہیے کہ اس امن کو خراب نہیں کرنا، ہم نے اس امن کو آگے لے کر چلنا ہے‘۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ’ہمیں امن کی قیمت کا علم ہے جو ہم نے ادا کی ہے۔‘

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ انڈیا کی حکومت کرپشن کے الزامات اور ملکی سیاست میں گھری ہوئی ہے لہذا انھوں نے پاکستان دشمنی کا بیانیہ اختیار کیا ہے۔ پاکستان نے گذشتہ دو دہائیوں میں امن قائم کیا ہے اور ’ہمیں معلوم ہے کہ امن کی قیمت کیا ہے اور اسی تناظر میں پاکستان کے نئے وزیراعظم نے امن کی پیشکش کی تھی جسے انھوں نے قبول بھی کیا تھا’۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد انڈیا کی جانب سے بارڈر سکیورٹی فورس کے ایک اہلکار کی لاش مسخ کرنے کا الزام عائد کیا جسے مسترد کیا گیا ہے۔ ’ہم کسی بھی فوجی کی بے حرمتی نہیں کر سکتے خواہ وہ دشمن ملک کا ہو۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر امن رہے گا تو پاکستان بھی ترقی کرے گا، انڈیا بھی ترقی کرے گا اور خطہ بھی ترقی کرے گا۔ کسی کی امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔‘


صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کا سخت جواب

پاکستانی عوام کے غم و غصے کی عکاسی کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کو دھمکی دینے سے پہلے ماہ ستمبر کی تاریخ یاد کرلینی چاہیے تھی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ماں دھرتی کی عزت، وقار، تحفظ، دفاع اور سلامتی کیلئے فوج اورعوام ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج دفاع وطن کے مقدس فرض کی بجا آوری کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیں گے، پاک فوج سے بدلہ لینے کی بات کرنے والے جان لیں کہ ہر پاکستانی فوج کا سپاہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی غیرذمہ داری جنوبی ایشیا میں امن اور خطے میں ترقی کی دشمن ہے، بھارتی فوج اپنے جنگی جنون کو لگام دے، خطے کو بےامنی کی بھینٹ نہ چڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی پر پوری قوم اپنی شیردلیر بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔