مزاحمتی تحریک کے رہنما سید جاوید ہمدانی انتقال کرگئے

اسامہ شیخ | راولپنڈی

مقبوضہ کشمیرکے معروف تاجر اور مزاحمتی تحریک کے سرگرم کارکن سید جاوید ہمدانی کو راولپنڈی کے آئی جی پی روڈ کے نزدیک شاہ قاف قبرستان میں منگل کی دوپہر کو سپرد خاک کیاگیا۔ہمدانی پیر اور منگل کی درمیانی رات کو طویل علالت کے بعد ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں انتقال کر گئے ۔ان کے نماز جنازہ میں مقامی لوگوں کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی.قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔مرحوم کی فاتحہ خوانی آج یعنی بدھ کو سیٹلائٹ ٹاؤن راولپنڈی میں کرائی جائے گی .

ہمدانی صاحب ایک محبِ وطن کشمیری تھے . انہوں نے 1948 میں مقبوضہ کشمیر سے اسلام آباد ہجرت کی اوراپنی نئی زندگی شروع کرنے کی غرض سے پاکستان کے مختلف شہروں میں روزگار کی تلاش کے لیئے وقتاََ فوقتاََ قیام کیا. آخرکار انہوں نے راولپنڈی صدر میں اپنی پرنٹنگ پریس کھولی اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں رہائش اختیار کی. ہمدانی صاحب کشمیری کمیونیٹی میں اپنی خوش اخلاقی اور مہمان نوازی کی وجہ سے کافی مشہور تھے .

مرحوم کی وفات کی خبر پر مقبوضہ کشمیر کے سیاسی رہنماؤں نے انتہائی رنج اور غم کا اظہار کیا. لبریشن فرنٹ کے چئیرمین یٰسین ملک اور حریت کانفرنس کے رہنما میرواعظ عمر فاروق نے ہمدانی صاحب کی خدمات اور حب الوطنی کو سراہا اور انکی وفات پر افسوس کیا اور دعائے مغفرت کی.