نیوز ڈیسک | میرپور
وزیرِاعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان صاحب نے گزشتہ روز پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہے. پاکستان سے وابستگی اور محبت سیاسی مقاصد سے بالاتر ہے.
راجہ فاروق حیدر خان صاحب نے کہا کہ کشمیریوں نے 19 جولائی 1947 کو پاکستان بننے سے پہلے الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی اس وجہ سے کشمیری پاکستانیوں سے پہلے پاکستانی ہیں. انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری قوم الحاقِ پاکستان اور آیئن و قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے. انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان کی بننے والی حکومت بیس کیمپ کی حکومت کو مضبوط کرنے اور مسائل حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بننے والی ہر جماعت کی حکومت کی عزت اور احترام ان پر بطور وزیرِاعظم لازم ہے. اپنے سیاسی اختلافات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلافات اپنی جگہ ہیں لیکن پاکستانی حکومت اور افواجِ پاکستان کی کشمیری دل و جان سے عزت اور قدر کرتے ہیں. کشمیری پاکستان کو خانہ کعبہ کے بعد اپنا دوسرا قبلہ سمجھتے ہیں. وزیرِاعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار میرپور حال روڈ لینڈ سلائڈنگ کے معائنہ کے دوران کیا.
