مشتاق احمد نےبنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے سے معذرت کرلی

نیوزڈیسک | لاہور
بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد سے بولنگ کوچ کے عہدے کے لیے رابطہ کیا لیکن انہوں نےبنگلادیش کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے معذرت کرلی. اطلاعات کے مطابق مشتاق احمد کو گیری کرسٹن کے کہنے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے بولنگ کوچ کے عہدے کی پیشکش کی جس پر انہوں نے اپنے جواب میں کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق مشتاق احمد اس وقت نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ہیڈ کوچ ہیں۔

مشتاق احمد اسپن بولنگ کوچنگ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ انگلینڈ، انگلش کاؤنٹی اور آئی پی ایل ٹیم کی بھی کوچنگ کرچکے ہیں۔ انگلش کرکٹ بورڈ نے مشتاق احمد کو 2008 میں اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا اور 2014 تک وہ اس عہدے پر خدمات انجام دیتے رہے۔مشتاق احمد نے 1990 سے 2003 تک قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی اور اپنے 13 سالہ کرکٹ کیرئیر میں 52 ٹیسٹ اور 144 ایک روزہ میچز کھیلے۔لیگ سپنر مشتاق احمد نے ٹیسٹ کرکٹ میں 185 اور ون ڈے میں 161 وکٹیں حاصل کیں۔مشتاق احمد کا شمار پاکستان کے مقبول ترین بولرز میں کیا جاتا ہے.