گستاخانہ خاکوں پردفترِ خارجہ نے نیدرلینڈ کے ناظم الامور کو طلب کر لیا

نیوزڈیسک | اسلام آباد
گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر پاکستانی حکومت کی سخت الفاظ میں مزمت. دفترخارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق نیدرلینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کرانے پر نیدرلینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل، ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ یہ گھناؤنا عمل اسلام کو بدنام کرنے کی دانستہ سازش ہے جس پر نیدرلینڈ کے ناظم الامورکو گہری تشویش سے آگاہ کیا گیا ہے. وفاقی کابینہ کے آج پہلے اجلاس میں بھی اس گھٹیا عمل کی شدید مذمت کی اور وزیرِ خارجہ کو اس معاملے کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کےاجلاس میں اٹھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔

حکومتِ پاکستان نے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کو بھی اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق باڈی کے ہائی کمیشنر اور دیگر باڈیز کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے اور پاکستانی سفیرکو او آئی سی ممبر ممالک سے مل کر معاملہ اٹھانے کا کہا گیا ہے۔ حکومتِ پاکستان کی طرف سے اس معاملے کی ہر فورم پر پیروی کرنے کا عزم کیا گیا ہے.