عوام حلقہ سردار عامر کو کامیاب کرائے | راجہ فاروق حیدر خان

نیوزڈیسک | ہجیرہ

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پونچھ حلقہ نمبر 2 میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نامزد امیدوار سردار عامر کے ضمنی انتخابات کی الیکشن کیمپین میں حصہ لیتے ہوئے ایک کارنر میٹنگ میں شرکت کی اور دیگر شرکا سے خطاب کیا۔

وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر کی عوام نے بھاری مینڈیٹ دے کر کامیاب کرایا ہے اور ہم عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے سدھن قبیلے کی بہادری اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سدھن قبیلے ایک تاریخی قبیلہ ہے۔ اس قبیلے کے لوگوں نے مہاراجہ کے خلاف جنگ لڑی اور کشمیر آزاد کرایا۔ راجہ فاروق حیدر خان صاحب نے مزید کہا کہ مرحوم سردار خان بہادر خان سدھن قبیلے کے آخری جرنیل تھے۔ وہ سب سے پہلی اسمبلی میں بھی موجود تھے اور انکی وفات بھی اسمبلی رکنیت کے دوران ہہ ہوئی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے پونچھ حلقہ نمبر 2 میں مسلم لیگ ن کے کارکنان سے سردار خان بہادر خان کی نشست پر ان کے پوتے سردار عامر کو کامیاب کرانے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ انکی حکومت نے گزشتہ تمام حکومتوں سے زیادہ کام کیئے ہیں اور وہ عوام کے دیگر مطالبات اور مشکلات کا بھی حل نکالیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں اہلیت کی بنیاد پر بھرتیاں کی جائیں گی اور عوام کا اعتماد پبلک سروس کمیشن پر بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مسلم کانفرنس کو توڑنے میں سب سے اہم کردار سردار عتیق احمد خان نے ادا کیا تھا۔