نیوزڈیسک | اسلام آباد
وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان پر بھارتی افواج کی فائرنگ کی بھرپور مذمت کی اور بھارتی جارحیت کو عالمی قوانین کے خلاف قرار دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو انکی حکومت کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور آزاد کشمیر میں جاری تمام تر ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے جانے پر بھی اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انکی حکومت کی ترجیحات میں سب سے اہم عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام کو ریلیف دینے کے لیئے انکی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔