وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے وقت مانگ لیا

نیوزڈیسک | اسلام آباد

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے بلآخر وزیراعظم عمران خان صاحب کے نئے پاکستان کو تسلیم کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق راجہ فاروق حیدر خان نے آزاد کشمیر کے دو سابق سینئر بیوروکریٹس کے ذریعے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی باضابطہ درخواست کی ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو ملاقات کا وقت دینے کے لیئے اپنے عملے کو کہہ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے ملنے کی خواہش کا اظہار صرف اور صرف اپنی حکومت اور وزیراعظم کی کرسی کو بچانے کے لیئے کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے متعدد ممبران اس وقت سابق وزیراعظم بیرسٹر سلطان چوہدری کے ساتھ اپنے معاملات طے کرچکے ہیں۔ کشمیر پیج کے نمائندے سردار رضوان حلیم خان کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں راجہ فاروق حیدر خان کے خلاف عدم اعتماد پیش کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو اس بات کا علم ہوچکا ہے کہ ان کے خلاف عدم اعتماد جلد لایا جا رہا ہے اور ان کی اپنی جماعت کے ممبران ہی اس میں پیش پیش دکھائی دے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے اپنی حکومت بچانے کی اپیل کریں گے۔

ذرائع کے مطابق راجہ فاروق حیدر خان یہ امید کر رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے ذریعے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو عدم اعتماد پیش کرنے سے روک لیں گے۔ اطلاعات کے مطابق دوسری طرف بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اپنی تیاریاں مکمل کرچکے ہیں اور صرف صدارتی انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے افتتاحی خطاب میں صوبوں کی انتظامی خودمختاری کو جہاں تسلیم کیا تھا وہیں یہ پیغام دیا تھا کہ وہ کسی بھی صوبے کی حکومت میں عمل دخل نہیں کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا یہ اصول آزاد کشمیر کے انتظامی اور حکومتی معاملات پر بھی نافذالعمل تصور کیا جاسکتا ہے۔ جس سے ایک ہی نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ راجہ فاروق حیدر خان صاحب نئے پاکستان میں پرانے پاکستان والی امیدیں لے کر آرہے ہیں۔