سردار حسن ابراہیم خان، سردار ابراہیم خاندان کے سیاسی جانشین منتخب

اسلام آباد | نیوزڈیسک

بانیِ کشمیر، غازیِ ملت سردار محمد ابراہیم خان صاحب کا خاندان آزاد کشمیر کی سیاست میں سب سے زیادہ اہمیت حاصل رکھتا ہے. غازیِ ملت کی وفات کے بعد انکی سیاست والیِ کشمیر، سردار خالد ابراہیم خان صاحب کی صورت میں موجود رہی. لیکن اب جناب خالد صاحب کی رحلت کے بعد سردار ابراہیم خاندان آزاد کشمیر کی سیاست میں سے مکمل طور پر باہر نظر آرہا ہے.

جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور سردار ابراہیم خاندان کے مابین آج راولاکوٹ میں سردار جاوید ابراہیم خان صاحب کے گھر پر ایک میٹنگ منعقد کی گئی. میٹنگ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے بلائی گئی تھی. میٹنگ میں والیِ کشمیر ، سردار خالد ابراہیم خان صاحب کی وفات پر ان کے ایصال ثواب کے لیئے دعا کی گئیاورجموں کشمیر پیپلز پارٹی کے حوالے سے بھی چند اہم فیصلے کیئے گئے. البتہ سب سے اہم فیصلہ سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کی سیاست کے جانشین کے حوالے سے کیا گیا.

گزشتہ کئی دنوں سے والیِ کشمیر سردار خالد ابراہیم خان صاحب کے چھوٹے صاحبزادے سردار اسد ابراہیم خان کی فوٹوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن سے تمام آزاد کشمیر میں یہ سمجھا جارہا ہے کہ سردار اسد ابراہیم خان اپنے والد سردار خالد ابراہیم خان کی جگہ ان کی خالی نشست پر الیکشن لڑیں گے اور سردار ابراہیم خاندان کے سیاسی جانشین کے طور پر سامنے آئیں گے. لیکن یہ تمام چہ مگوئیاں درست نہیں. جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور سردار ابراہیم خاندان کے باوثوق ذرائع نےروزنامہ کشمیر پیج کو بتایا گیا ہے کہ سردار اسد ابراہیم کے بجائے سردار خالد ابراہیم خان کے بڑے بیٹے سردار حسن ابراہیم خان کو سردار ابراہیم خاندان کی سیاست کا علمبردار منتخب کیا گیا ہے.ذرائع کے مطابق سردار حسن ابراہیم خان کو جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور سردار ابراہیم خاندان کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور آئندہ دنوں میں اس بات کا باضابطہ اعلان جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے کیا جائے گا.

سردار حسن ابراہیم خان 1977 میں پیدا ہوئے . وہ سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کے بڑے بیٹے ہیں. انکی تعلیم ماسٹرز ان بزنس ایڈمنسٹریشن ہے. سردار حسن ابراہیم خان اپنے دادا، غازیِ ملت کے انتہائی قریب تھے اور غازیِ ملت کی اور اپنے والد سردار خالد ابراہیم کی سیاست اورانکے نظریات سے بخوبی واقف اورآگاہ ہیں. ذرائع کے مطابق سردار حسن ابراہیم خان، والیِ کشمیر سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہیں اور ایک بااصول اور باکردار زندگی بسر کرتے ہیں.

جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے سردار حسن ابراہیم خان کو والیِ کشمیر سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کی خالی نشست پر الیکشن لڑایا جائے گا. سابق صدر سردار یعقوب خان نے گزشتہ دنوں اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر غازیِ ملت کے گھرانے سے کوئی انتخابات میں حصہ لے گا تو وہ اسکی سپورٹ کریں گے اور ساتھ کھڑے ہونگے. جس کے بعد مسلم کانفرنس اور مسلم لیگ ن کی جانب سے بھی کچھ ایسے ہی اشارے دیئے جارہے ہیں. تحریک انصاف آزاد کشمیر نے تو پہلے ہی امیدوار نہ دینے کا اعلان کر رکھا ہے. البتہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی جانب سے کسی پر کوئی پابندی عائد نہیں کی جارہی. لیکن سدوزئی قبیلہ کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کے اس عمل کو سراہا جارہا ہے.