سردار محمد عبید خان ایڈووکیٹ، کونسل آف سدوزئی جیورسٹس کے سیکریٹری نامزد

نیوزڈیسک | اسلام آباد

سدوزئی ٹرائبل کونسل پاکستان نے اپنی قانونی برانچ کونسل آف سدوزئی جیورسٹس کے سیکریٹری کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

پاکستان میں لاء پریکٹس کرنے والے نوجوان وکیل سردار محمد عبید خان ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کو سدزوئی ٹرائبل کونسل پاکستان کی جانب سے کونسل آف سدوزئی جیورسٹس کا سیکریٹری نامزد کردیا گیا۔ نوٹیفیکیشن سدوزئی ٹرائبل کونسل کے سیکریٹری جنرل نوابزادہ علی فیصل سدوزئی کی جانب سے گزشتہ روز 23 نومبر کو جاری کیا گیا۔

سردار محمد عبید خان نے 2013 میں پنجاب یونیورسٹی سے منسلک پنجاب لاء کالج سے ایل ایل بی کی تعلیم مکمل کی اور پاکستان کے مشہور فوجداری وکیل سردار محمد اسحاق خان مرحوم کی شاگردی میں وکالت کا آغاز کیا۔ سردار محمد اسحاق خان مرحوم کی وفات کے بعد سردار عبید خان نے پاکستان کے نامی گرامی وکیل قوسین فیصل مفتی کی فرم کو بطور ایسوسی ایٹ پارٹنر جائن کیا اور اس دوران مختلف آئینی اور فوجداری مقدمات میں انکی معاونت کی۔ ان مقدمات میں پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں دائر ریفرنس سرفہرست ہے۔ 2017 میں انہوں نے اپنے چند قریبی ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنی لاء فرم Bruder and Obeid کا آغاز کیا۔

سردار محمد عبید خان پاکستان اور آزاد کشمیر میں آربیٹریشن کے قوانین کو مضبوط بنانے اور مصالحتی عمل کو فروغ دینے کے لیئے عالمی اور قومی سطح پر اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ انکی انہی خدمات کے باعث ان کو انٹرنیشنل کونسل فار کمرشل آربیٹریشن کی ممبرشپ اور آسٹریلین سینٹر فار انٹرنیشنل کمرشل آربیٹریشن کی ایسوسی ایٹ ممبرشپ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سردار محمد عبید خان کی قابلیت اور قانونی پس منظر کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سدوزئی ٹرائبل کونسل کے تمام تر قانونی اور آئینی امور کی انجام دہی کی ذمہ داری سونپی گئی۔ وہ تمام تر ریفرنسز اور اس سے متعلق عدالتی امور میں چیئرمین کونسل آف سدوزئی جیورسٹس کے ممد و معاون اور قبیلے کی طرف سے تمام تر عدالتی فورمز پر بطور کونسلر ایٹ لا کام کرینگے۔