نیوزڈیسک | راولپنڈی
پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے ایک سینیئر رہنما، سردار ارشد فاروق اپنے ساتھیوں سمیت جموں کشمیر پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے۔
سردار ارشد فاروق کا تعلق حلقہ ایل اے 22 سدھنوتی 2 سے ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی کی طلبہ تنظیم پی ایس ایف سے کیا تھا۔ سردار ارشد فاروق نے ساری سیاسی زندگی بنیادی حقوق کے حصول کے لئے جدوجہد کرنے میں گزاری۔ وہ پی ایس ایف کے بانی کارکنان میں سے ایک ہیں۔
سردار ارشد فاروق نے گزشتہ روز ممبر قانون ساز اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور اپنی شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضمیر کشمیر سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کی وفات کے بعد انہوں نے یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ وہ سردار خالد ابراہیم خان مرحوم کے مشن کو لے کر آگے بڑھینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بے لوث ہوکر معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ کی ترجمانی کرینگے اور سردار حسن ابراہیم خان کے ساتھ مل کر ریاست میں قانونی حکمرانی کے لئے جے کے پی پی کے پلیٹ فارم سے آئندہ سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گا۔
سردار ارشد فاروق نے کہا کہ انہوں نے بہت سوچ بچار کے بعد محسوس کیا کہ ذاتی لالچ سے بالاتر ہوکر اگر کسی جماعت نے کام کرنے کا بیڑا اٹھا رکھا ہے تو وہ جے کے پی پی ہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غازی ملت کے گھرانے نے ایک صدی سیاست کے کارزار میں گزارنے کے باوجود دامن پاک رکھا ایسے میں اگر غازی ملت کی جماعت کے ہاتھ مضبوط نہ کیئے جائیں تو یہ قومی غیرت کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔
اس سے قبل سردار ارشد فاروق کی جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سینیئر مرکزی رہنما اور سردار خالد ابراہیم خان مرحوم ڈاکٹر سردار محمد کلیم خان کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوچکی تھی جس میں ڈاکٹر سردار محمد کلیم خان کی جانب سے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت بھی دی گئی تھی اور ہرممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ سردار ارشد فاروق کا شمار پیلپز پارٹی میں سردار اختر ربانی کے انتہائی معتمد ساتھیوں میں ہوتا ہے وہ ظلم و ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہے ہیں اور ماضی میں قانون ساز اسمبلی کے امیدوار بھی رہے ہیں۔