شاہ محمود قریشی کا چینی ہم منصب کو فون، دہشتگردی کے واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا

نیوزڈیسک | اسلام آباد

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ مسٹروانگ ژی کوٹیلی فون کیا، جس میں شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کو کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی نے چینی وزیر خارجہ مسٹروانگ ژی کوٹیلیفون کر کے دہشتگرد حملے کی تمام تفصیلات سے آگاہ کردیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کر کے دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔سی پیک کو متاثر کرنے کی کوشش کچل دی گئی۔انہوں نے کہا کہ ریاست مخالف عناصر کو منہ کی کھانی پڑی۔ پاکستان اور چین کے تعلقات پہلے سے بھی مضبوط ہیں۔ مذموم واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائیں گے۔چینی وزیرخارجہ مسٹروانگ ژی نے بروقت کاروائی پر فورسز کی تعریف کی ہے۔

چینی وزیرخارجہ نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت دہشتگردوں حملوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ملک کی داخلی و خارجی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی کے حملے کو ناکام بنانے پر پولیس اہلکاروں کو سراہتا ہوں۔

سکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرکے دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کودہشتگرد حملے کی ابتدائی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشتگرد حملے کی پہلے سے اطلاع تھی۔ اشارے مل رہے تھے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دہشتگرد حملے کوئی سرپرائز نہیں۔ دہشتگرد حملے کی اطلاعات تھیں مگر حملہ کہاں ہوگا یہ نہیں جانتے تھے۔ دونوں حملےملک میں بے امنی پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش ہیں۔ عمران خان نے واضح کیا کہ چین سے ہونے والے معاہدوں کو منظر عام پر نہیں لاسکتے۔