یمن میں سعودی فضائی حملوں پر امر یکہ نے سخت بیان دے دیا

نیوزڈیسک | واشنگٹن

سعودی عرب کی جانب سے یمن میں جاری جنگ میں شہریوں اور بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی چلی جا رہی ہے. جس پر مغربی دنیا کی جانب سے سعودیہ کو کافی تنقید کا سامنا تھا. جنگ میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر دیگر مغربی ممالک کی جانب سے تو سعودی عرب پر دباؤ تھا ہی لیکن ایک حالیہ فضائی حملے میں 40بچوں کی موت کا خوفناک واقعہ پیش آنے کے بعد سعودی عرب امریکہ کی جانب سے بھی تعاون ختم کرنے کی دھمکی دے دی گئی ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یمن کی جنگ میں عام شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث امریکہ میں مایوسی اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ خاص طور پر وزیر دفاع جیمز میٹس اور جنرل جوزف ووٹل، جو کہ مشرق وسطیٰ میں امریکہ کے فوجی آپریشنز کے سربراہ ہیں، اس بات پر متفکر ہیں کہ امریکہ ایک ایسی سعودی مہم کی حمایت کررہا ہے جس میں اب تک عام شہریوں کی بڑی تعداد ہلاک ہوچکی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے سعودی عرب کو وارننگ جاری کی گئی ہے کہ یمنی باغیوں کے خلاف جنگ میں فضائی حملوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں کو محدود کیا جائے ورنہ امریکہ سعودی عرب کی عسکری و انٹیلی جنس مدد کم کرنے پر غور کرسکتا ہے۔